اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی معاشی تباہی کی ذمہ دارہیں، ٹرانس جینڈر بل کے ذریعے حکمرانوں نے ملک کی نظریاتی اساس پر بھی حملہ کیا، اسلامی اقدار کے خلاف ہر قانون کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔
سراج الحق نے کہاکہ سیکولر اور مغرب پرست ٹولہ سن لے ان کے منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے، سازش کے تحت لبرل ایجنڈا کو فروغ دیا جارہا ہے، ایٹمی طاقت کا حامل اسلامی ملک دین بیزار قوتوں کو برداشت نہیں، قوم اسلام کی سربلندی اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کےلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ سودی معیشت اور فرسودہ نظام تباہی کی وجہ ، دین آئے گا تو ترقی و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے، تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتیں نعروں کی بجائے کارکردگی بتائیں، حکمران قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ، سیلاب کے دوران بھی مفادات کی لڑائی جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ لاکھوں لوگ بھوکے پیاسے خیموں میں پڑے ہیں مگر حکمرانوں کو کرپشن کیسز سے ریلیف چاہیے، واضح کرنا چاہتے ہیں کسی ادارے کو حق حاصل نہیں کہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت معاف کرے، جماعت اسلامی کرپشن، سودی معیشت، مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کی شمولیت کے خلاف ہر سطح پر احتجاج جاری رکھے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ اگر پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں ملوث لوگوں کا احتساب ہوتا تو کرپشن کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہوسکتے تھے۔ ملک سے اربوں ڈالر لوٹ کر بیرون ملک بنکوں اور آف شور کمپنیوں میں بھیجے گئے، سبھی کے نام منظر عام پر آئے مگر کسی کو کسی نے نہیں پوچھا، ملکی دولت لوٹنے والے تینوں بڑی پارٹیوں کا حصہ ہیں۔