پاکستان اس وقت گلوبل وارمنگ کی جنگ لڑ رہاہے، وزیر اعظم

402

نیویارک :وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت گلوبل وارمنگ کی جنگ لڑ رہاہے، گلوبل وارمنگ نے پورے پورے خاندان کو ایک دوسرے سے الگ کردیا اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پاکستان اس وقت دنیا کا گرم ترین ملک بن گیا ہے،ہمارے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جنگلات جل رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ سیلاب کی تباہی کی فرسٹ ہینڈ معلومات آپ تک پہنچانے آیا ہوں،موجودہ سیلاب کے باعث ہمارے 1500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، آج بھی ملک کا بڑا حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، خواتین اور بچوں سمیت 3 کروڑ30 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

افغانستان کی صورتحال:

وزیر اعظم نے کہاکہ اس وقت افغان حکومت کے ساتھ کشیدگی سے افغان عوام کو نقصان پہنچے گا، افغانستان کے مالی اثاثوں کو جاری کرنا افغان معیشت کی بحالی کیلئے انتہائی اہم ہے، پاکستان پرامن افغانستان دیکھنے کا خواہشمند ہے جبکہ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے دنیا کو کام کرنا ہوگا۔

فلسطین پر اسرائیلی مظالم کی داستان:

شہباز شریف نے فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم بند کیے جائیں۔

کشمیر پر بھارتی مظالم بڑھتے جارہے ہیں:

وزیر اعظم نے کہاکہ اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم بند کیے جائیں، کشمیریوں کے خلاف بھارتی بربریت نے کشمیرکو دنیا کا سب سے بڑا فوجی علاقہ بنا دیا ہے، بھارت مسلم اکثریت والےکشمیر کو ہندو اکثریت میں بدلنے کیلئے غیر قانونی تبدیلیاں کر رہا ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کمشیر میں بھارت کے غیرقانونی اور  یکطرفہ اقدامات سے امن عمل متاثر ہوا، بھارت مقبوضہ کمشیر میں 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات واپس لے،  مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے ، پاکستان خطے میں امن کے عزم پر قائم ہے، بھارت کو سمجھنا ہوگا دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں جنگ آپشن نہیں۔