آرمی چیف کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کیساتھ وقت گزارا

381

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بدین میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ۔متاثرین کے ساتھ وقت گزارا، پاک فوج کے دستوں سے بھی ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے کراچی میں تاجر برادری سے بھی ملاقات کی۔ تاجر برادری نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے جمعہ کے روز بدین میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران سیلاب متاثرین کے ساتھ وقت گزارا۔ آرمی چیف  نے  بدین میں قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔

 ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے بدین میں ریلیف اینڈ ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف پاک فوج کے دستوں سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف نے بدین اور اس سے ملحقہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بعد ازاں آرمی چیف نے کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بڑھ چڑھ کر مدد کی۔ کاروباری برادی سیلاب متاثرین کی مدد میں بھی پیش پیش ہے۔

 اس موقع پر تاجر برادری نے معاشی خوشحالی کے محفوظ ماحول کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا  کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے پاک فوج کا کردار اور قربانیاں لائیک تحسین ہیں۔ تاجر برادری نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔