لاکھ بچوں کے وبائی امراض سے متاثرہونے کا  خدشہ ہے،وزیراعظم

301

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا ہے، اس مشکل وقت میں 30 لاکھ بچوں کے وبائی امراض سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 400 بچوں سمیت 1300 اموات ہوئی ہیں۔ 

امریکی ادارے بلومبرگ کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ کاربن کے پھیلا میں پاکستان کا کردار 0.8 فیصد ہے، تاہم اس کے باوجود پاکستان نے دگنی قیمت ادا کی ہے۔ پورا ملک سمندر کا منظر پیش کر رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے، سیلاب کے بعد پانی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں، پاکستان میں بحالی کے لیے عالمی دنیا کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے، 400 بچوں سمیت 1300 اموات ہوئیں، ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ اس وقت ملک کو اتحاد اور مصالحت کی ضرورت ہے۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، تباہ کاریوں اور بحالی کے کاموں میں ادائیگیاں بہت مشکل ہے، دنیا نے جو ہماری مدد کی بہت کم ہے، اگلے دو ماہ میں پاکستان پر قرضوں کی ذمہ داریاں ہیں، ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہماری توقعات سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ 

امریکی صدر سے متعلق گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے سیلاب متاثرین کے حوالے سے بیان پر شکریہ ادا کرتے ہیں، جب کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ انہوں نے زندگی میں ایسی تباہی نہیں دیکھی، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھی ہے۔