وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس

295

نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی سربراہی کی جو پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والی نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں عالمی برادری کے مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی ایک دوسرے سے ملاقات کا مقصد دنیا کے مستقبل کے لئے ایک لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہم منصبوں نے ان کے دنیا کے مختلف نوجوان وزرائے خارجہ کو اکھٹا کرنے کے اقدام کو سراہا۔ دنیا کے مختلف ممالک کے نوجوان وزرائے خارجہ نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کی انٹرنیشنل ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے نیویارک میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور امریکہ کی انٹرنیشنل ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او کے درمیان توانائی، زراعت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ معیشت اور خواتین کی خود مختاری پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کی انٹرنیشنل ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

جبکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت دیگر پراڈکٹس پر مشتمل کمپنی میٹا کے عالمی امور کے صدر نک کلیگ سے بھی نیویار ک میں ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری اور فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت دیگر پراڈکٹس پر مشتمل کمپنی کے نمائندوں کے درمیان پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے میٹا کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے 125 ملین روپوں کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔