ایران: خاتون کی ہلاکت پر احتجاج کرنیوالوں پر لاٹھی چارج، 2 مظاہرین ہلاک، کئی زخمی

490

تہران: ایران میں پولیس حراست میں خاتون کی ہلاکت کے خلاف احتجاج میں دوران 2 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ خواتین نے حجاب اتار کر حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے نے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ ہینگا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ احتجاج میں 15 افراد زخمی ہوئے، جن کو اسپتال پہنچایا گیا جن میں سے فواد قادمی اور محسن محمدی نامی افراد دم توڑ گئے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی سکیورٹی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ خاتون کی موت پر(ایران) کا احتساب چاہتا ہے۔مہسا امینی کو درست طور پر حجاب نہ اوڑھنے پر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس حراست میں ہی ان کے کومہ میں چلے جانے کی اطلاع سامنے آئی، جبکہ 2 روز قبل وہ دم توڑ گئی تھیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی مظاہرے ہوئے جبکہ مشہد شہر میں بھی احتجاج سامنے آیا۔مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے پولیس کی کارروائی کی مذمت کی۔سیکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے حکام کے خلاف نعرے لگائے جبکہ اس دوران کچھ خواتین نے حجاب بھی اتار دیے، جس پر پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج بھی کیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا۔