اسلام آباد: قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے چین جانے والے طلبہ کے لیے ٹکٹ سستا کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق چین میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے فضائی کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافوں کے بعد پاکستانی طلبہ کو روانگی میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم قومی ائرلائن نے طلبہ کی سہولت کے لیے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ چین جانے والے پاکستانی طلبہ کے لیے پی آئی اے کے اعلان کے مطابق طلبہ کو ٹکٹوں پر 15 فی صد رعایت دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ کے علاوہ چین جانے والے مسافروں کو بھی ٹکٹوں پر10فیصدرعایت حاصل ہوگی۔
علاوہ ازیں قومی ائرلائن کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے سامان کے وزن کی حد بھی 40سے بڑھا کر80کلو کر دی گئی ہے۔ چینی شہر شایان کا کرایہ5لاکھ19ہزار جب کہ شندو کا کرایہ 5لاکھ8ہزار روپے ہے ۔ پی آئی اے کی جانب سے رعایت کے اعلان سے پاکستانی طلبہ کو ٹکٹوں پر76سے 78ہز ار روپے کا ڈسکاونٹ ملے گا جب کہ چین جانے والے مسافروں کو بھی50 ہزار تک رعایت ملے گی۔
یاد رہے کہ چین میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے ائرلائنز کی جانب سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جن کے کرائے غیر معمولی طور پر زیادہ ہیں۔ ٹکٹ مہنگا ہونے کے باعث کئی طلبہ چین جانے سے قاصر ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی اعلیٰ تعلیم متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔