پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی سے عام آدمی مشکل میں ہے، سراج الحق

383
common man

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ تینوں بڑی جماعتوں کا منشور دراصل آئی ایم ایف کا ہر حکم قبول کرنا اور دل و جان سے اس پر عمل درآمد کرنا ہے۔ حکمران جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ حکومت فوری طور پر اللہ سے جنگ بند کر کے استغفار کرتے ہوئے سودی نظام کے خاتمے کی جانب پہلا قدم اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بھر میں ہونے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں آفتیں اور مصیبتیں اللہ تعالیٰ کے نظام سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ سیلاب بہت بڑی آزمائش پوری قوم کو اللہ کی طرف رجوع کرنا ہو گا۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے عملی قدم نہ اٹھانا لمحہ فکریہ ہے۔ حکمران فوٹو سیشن اور ہوائی جائزوں کی بجائے متاثرین کی امداد کے لیے سنجیدگی سے آگے بڑھیں۔

ان کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی ایک پروگریسو، جمہوریت پسند اور ترقی پسند جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ آخری فرد کی بحالی تک امداد سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔