پاکستان بھارت سے ہروقت بامعنی مذاکرات کیلیے تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ

455

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اور ہر ایک سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت چاہتے ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت قوانین کا خاتمہ کرکے بات چیت کے لئے ماحول سازگار بنائے،رواں ہفتے بھارتی سیکورٹی فورسز نے 7 کشمیریوں کو شہید کردیا ،بھارت پاکستانی قیدی تبارک حسین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کبھی بھی مذاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کرتا ہے۔  پاکستان بھارت سے ہر وقت بامعنی مذاکرات کے لئے تیار ہے اور کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت چاہتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات نے ماحول کو مزید کشیدہ کردیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بھارت قوانین کا خاتمہ کرکے بات چیت کے لئے ماحول سازگار بنائے۔

 ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے 7 معصوم کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جبکہ بھارت پہلے بھی پاکستانی قیدیوں کو ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں قتل عام کر چکا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت ماورائے عدالت قتل ہونے والے پاکستانی قیدی تبارک حسین کی پوسٹ مارٹم  رپورٹ پاکستان کو فراہم کرے۔