اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے سنگین چیلنجز درپیش ہوں گے جس کیلئے بے پناہ وسائل کی ضرورت ہوگی، اس تناظر میں عالمی برادری کی طرف سے مسلسل حمایت، یکجہتی اور مدد اہم عنصر ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ امریکا ،پاکستان کے مابین باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی تعمیری اور پائیدار روابط کی ضرورت ہے، 33 ملین سے ز ائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ 1,300 سے ز ائد انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور زراعت، مویشیوں، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔
وزیر اعظم نے امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سیلاب سے متعلق امداد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے وفد کا دورہ پاکستان میں سپر فلڈ سے ہونے والی تباہی کے پیمانے کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ امداد کو متحرک کرنے میں مدد دے گا۔