اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث 400 بچوں سمیت 12 سو افراد جاں بحق اور 4 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہے جہاں 25 فیصد بارش متوقع تھی وہاں 400 فیصد سے زیادہ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، صورتحال انتہائی پریشان کن ہے، سیلاب کے باعث 12سو کے قریب افراد جاں بحق جبکہ 4ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جا ں بحق افراد میں 400 کے قریب بچے بھی شامل ہیں، لوگوں کے مویشی ، گھر اور املاک سیلاب میں بہہ گئیں، وزیراعظم نے سندھ کیلئے 15 ارب ، بلوچستان اور کے پی کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ دی۔؎
ان کا کہنا تھا کہ زمینی رابطے کٹ جانے کے باعث ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد کی جارہی ہے، سیلاب متاثرہ افراد میں 25 ہزار روپے فی خاندان دیئے جارہےہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 6لاکھ خاندانوں میں اب تک 15 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں، حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کیلئے بھی خصوصی مراعاتی پیکج دے رہی ہے، تعلیمی اداروں میں متاثرہ علاقوں کے طلباء کیلئے فنڈ ریزنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔