ن لیگ کا چیف جسٹس سے شوکت ترین کی آڈیو پر سو موٹو ایکشن لینے کا مطالبہ

421

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران نیازی ریاست کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں ، شہباز گل کے جونیئر افسران کو قیادت کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے بعد شوکت ترین کی آڈیو لیک دوسری قسط ہے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے، عمران نیازی نے جھوٹ کی بنیاد پر نوجوان نسل کو ورغلایا، پی ٹی آئی نااہل اور نالائق ہے اور کسی کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے،پی ٹی آئی اقتدار اور اپنی سیاست کے لیے ملکی سلامتی کو داو پر لگانے پر تلی ہوئی ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ  عمران نیازی نے دوہزار چودہ میں دھرنا دیکر سی پیک معاہدے کے خلاف سازش کی،عوام کو سول نافرمانی پر اکسایا، بجلی کے بل جلائے،آئی ایم ایف کی طرف سے قسط نہ ملی تو ملک مزید مشکلات میں گر جائے گا،چیف جسٹس سابق وزیر خزانہ کی آڈیو پر سو موٹو ایکشن لیں ۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ کی جو مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے اس میں واضح کہہ رہے ہیں کہ ہم نےآئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی ڈیل کو سبوتاژ کرنا ہے،عمران خان اور پی ٹی آئی ملک کیخلاف ایک سازش ہے جو ریاست کو نقصان پہنچا رہا ہے،ملک معاشی لحاظ سے مضبوط ہونے لگا تو یہ اسے کمزور کرنے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔