راولپنڈی میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا، متاثرین کی تعداد بڑھنے لگی

454

راولپنڈی: اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی، جس کے باعث اسپتالوں میں متاثرین کا رش بڑھ رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق شہر کے تینوں اسپتالوں میں ڈینگی کے شکار مریضوں کی آمد مسلسل جاری ہے۔ محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر سے مزید 13 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی۔ سب سے زیادہ 7  مریض پوٹھوہار ٹاؤن سے ریکارڈ کیے  گئے۔

حکام کے مطابق رواں برس ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 319ہوچکی ہے جب کہ راولپنڈی میں ایک شخص انتقال کرچکا ہے۔ محکمہ صحت نے ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاقوں میں اسپرے فوگنگ اور لاروا تلف کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے تینوں اسپتالوں میں ضروری ادویات کی فراہمی کے ساتھ ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی ایمرجنسی ڈیوٹیاں بھی متعین کردی ہیں۔