لیبیا ، جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 23 تک جا پہنچی،140 افراد زخمی

386

لیبیا کے دارالخلافہ طرابلس میں حکومت کے دعویدار دومسلح گروہوں کے درمیان خونی تصادم کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 140 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔

لیبیا کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ روز طرابلس میں وزارت صحت سے منسلک اسپتالوں اور مراکز صحت کو نشانہ بنایا گیا اور بمباری کی گئی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جھڑپوں کے دوران طرابلس کے تمام اسپتالوں کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ موجود ہے اور شہر میں تمام صحت کے اداروں، ہنگامی مراکز اور ایمبولینسوں کو مسلح تصادم کے خطرات سے بچنے کے لیے خصوصی حفاظتی تدابی اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

لیبیائی اسٹیٹ سپریم کونسل نے دارالحکومت میں رونما ہونے والی جھڑپوں کی مذمت کی ہے۔ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں سویلین کی اموات اور مالی نقصانات کا موجب بننے والے تصادم کو فی الفور روکنے کی اپیل کی ہے۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دارالحکومت میں ہونے والے واقعات میں سب سے پہلے گولی چلانے والا گروہ ان واقعات کا ذمہ دار ہے، اور کہا گیا ہے کہ ہمارا موقف ریاستی اداروں کو ایک چھت تلے یکجا کرنے اور انتخابات کا انعقاد کرانے کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے پر قائم ہے۔

پہلی جھڑپیں گزشتہ روز توبروق کے ایوان نمائندگان کی جانب سے وزیر اعظم تعینات کردہ فتح باش آغا سے قربت رکھنے والے لیبیا کے جنرل اسٹاف سے وابستہ “777 بریگیڈ” اور صدارتی کونسل سے وابستہ “استحکام سپورٹ یونین” کے درمیان شروع ہوئی تھیں۔