متاثرین سیلاب کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آرمی چیف

289
Rehabilitation

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے لوگوں کا تحفظ، بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے، سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ گوٹھ صدوری، لاکھڑا، لسبیلہ میں قائم فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپ گئے۔سپہ سالار نے سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں کی خیریت دریافت کی، امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصیبت میں گھرے افراد کو خدمات کی فراہمی کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچاو، امداد، بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد، بحالی کے لیے سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی جائے۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا ہمارے ملک کے لوگوں کا تحفظ، بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے، چاہے کتنی ہی محنت درکار ہو، جب تک ہر ایک سیلاب متاثرہ تک نہ پہنچیں، بحالی نہ ہو جائے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا کہنا تھا کہ حکم کا انتظار کیے بغیر اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں تک پہنچیں، ہمیں قدرتی آفت پر قابو پانے میں  اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔ امدادی کاموں کیساتھ بحالی کو یقینی بنائیں گے، پاکستان کی عوام اولین ترجیح ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔