وزیراعظم کا سندھ  کے سیلاب متاثرین کیلئے 15ارب روپے کی امدادی رقم کا اعلان

272

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ  کے سیلاب متاثرین کیلئے 15ارب روپے کی امدادی رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رقم کو بغیر کسی شرط کے صوبہ سندھ کے حوالے کیا جارہا ہے جو متعلقہ اداروں کی مشاورت کیساتھ متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر خرچ کی جائے گی۔

شہباز شریف نے  کہا کہ ملک سیلاب میں گھرا ہوا ہے‘ اس وقت قوم کو متحد ہونے کی سخت ضرورت  ہے‘ یہ وقت سیاست کا نہیں  بلکہ  اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی خدمت کرنے کا ہے‘ مخیر حضرات اور عالمی ادارے مشکل کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کے لئے فی کس 10لاکھ روپے  اور بے  نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ رات آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور نیوی کے چیف ایڈمرل نیازی صاحب سے امدادی سرگرمیوں پر بات کی جس پر دفاعی اداروں کے سربراہان نے مجھے یقین دلایا ہے کہ ہم اپنے وسائل بھرپور طریقے سے استعمال میں لارہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہاکہ  اس وقت زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور راشن تقسیم کیا جارہا ہے یہ مشکل کی گھڑی ہے اس میں مخیر حضرات اور عالمی ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ وفاق اور صوبے اپنی جانب سے بھرپور طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں لیکن سانحہ بڑا  ہے لاکھوں گھر اس سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔