سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وزیراعظم فلڈ ریلیف کا شارٹ کوڈ جاری

549

سیلاب متاثرین کیلئے عطیات کے لئے وزیراعظم فلڈ ریلیف کا شارٹ کوڈ جاری کردیا گیا  ۔

 ملک میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد مختلف اضلاع میں لاکھوں پاکستانی بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں، اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ان کی امداد بھی کررہے ہیں۔

 ارکان پارلیمنٹ، ارکان سینیٹ سمیت پاک فوج کی جانب سے بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لئے تنخواہوں کے عطیات دیئے جارہے ہیں، دوسری جانب ہر پاکستانی مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائی بہنوں کی مدد کے لئے مستند پلیٹ فارم کی تلاش میں ہے۔

 حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 قائم کیا گیا ہے، جس میں اب عوام بھی اپنا حصہ ملاسکتے ہیں، اور اس کے لئے شارٹ کوڈ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے شارٹ کوڈ کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب کوئی بھی پاکستانی شہری فنڈ لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 قائم کیا تھا عوام،وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ اکانٹ نمبر G-12164 میں عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔