لاہور/ملتان: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت سے سیلاب زدگان کو امداد کی تقسیم شفاف بنانے کے لیے خیراتی اداروں کے افراد، صحافی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل آزادانہ کمیٹیاں تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگلے 72گھنٹوں میں متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو لوگوں کو لے کر حکمرانوں کے دفاتر اور بنگلوں کا گھیراﺅ کریں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ووٹر ڈوب گئے، ووٹ لینے والے اسلام آباد یا بیرون ملک ہیں، ایسا لگتا ہے پاکستان لاوارث ہے، لوٹنے والے موجود،بچانے والا کوئی نہیں، سیلاب زدگان کو راشن اورخیمے سیاسی بنیادوں پر تقسیم ہو رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلان کردہ فنڈز گراﺅنڈ پر نظر نہیں آ رہے، سیلاب زدگان کی بحالی کے نام پر کرپشن کے دروازے کھلیں گے، حکمران جماعتوں کے ممبران اسمبلی اور ٹھیکیدار مال بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ایٹمی طاقت، حکمران اپنے اللے تللے بند کریں، عوام کے پیسے انہی پر خرچ کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو اسلامک سنٹر ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راﺅ محمد ظفر، سیکرٹری جنرل پنجاب جنوبی صہیب عمار صدیقی اور امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت نے اس موقع پر سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کیے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کا کندھا استعمال کر کے عوام کو بنیادی جمہوری حق سے محروم رکھا ۔