صیہونی قوتیں عمران خان کو دوبارہ تخت پر بٹھانے کیلیے کوشاں ہیں، مولانا فضل الرحمان

385

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کے ریاستی ادارے شدید ترین عالمی دباﺅ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں نے عالمی دباﺅ میں آکر مملکت کے قومی مجرم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی سے گریز کیا تو یاد رکھیں ہم مملکت کی نظریاتی اساس اور آئین کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔ ملعون سلمان رشدی پرحملے کی عمران خان کی جانب سے مذمتی بیان دیے جانے کے بعد سے صہیونی لابی اور میڈیا کھل کر عمران خان کی پشت پناہی پر اتر آیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں ، ذرائع ابلاغ ، اقوام متحدہ عمران خان کی باغیانہ سرگرمیوں کو جائز جمہوری جدوجہد بارآور کرانے،مملکت کے آئین کے خلاف سرکشی پر اکسا رہی ہے ،جس دن سے عمران خان نے شاتم رسول سلمان رشدی پر حملے کی مذمت کی اسی روز سے عالمی صہیونی لابی نے پاکستانی حکومت کو دباﺅ میں لانے کے لئے اقوام متحدہ کے فورم سمیت عالمی ذرائع ابلاغ کو عمران خان کے حق میں استعمال کرنا شروع کر دیا تاکہ عمران خان کی باغیانہ سرگرمیوں کو جمہوریت کا لبادہ اوڑھایا ، الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے دوبارہ اقتدار میں لایا جا سکے اور اپنے اس مہرے کو ایک بار پھر پاکستان کے تخت پر بٹھایا جا سکے۔

بدھ کوسربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و سربراہ پاکستان جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے جاری اپنے خصوصی وڈیو بیان میں کہا کہ ملعون سلمان رشدی پرحملے کی عمران خان کی جانب سے مذمتی بیان ایک حساس معاملہ ہے اور ان کے مذمتی بیان دیے جانے کے بعد سے صہیونی لابی اور میڈیا کھل کر عمران خان کی پشت پناہی پر اتر آیا ہے ۔ مغربی اشرافیہ کا نبی کریم کے حوالے سے جو تعصب ہے وہ سب کے سامنے واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں ، ذرائع ابلاغ ، یہاں تک کہ اقوام متحدہ کا ادارہ عمران خان کی باغیانہ سرگرمیوں کو جائز جمہوری جدوجہد باور کرانے اور اسے اپنی مملکت کے آئین کے خلاف سرکشی پر اکسا رہی ہے ۔