ایران نے بڑے پیمانے پر 2 روزہ ڈرون مشقیں شروع کر دیں

554

تہران: ایران نے بدھ کو بڑے پیمانے پر 2 روزہ ڈرون مشقوں کا آغاز کر دیا ہے جن میں مختلف فوجی یونٹ شریک ہیں۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق مشقوں کے ترجمان محمد موسوی نے کہا کہ جنگی کھیل کے پہلے دن ایرانی فوج اور وزارت دفاع کی جانب سے تیار کردہ بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں(یو اے ویز)نے سرحدی علاقوں اور بین الاقوامی پانیوں میں جاسوسی اور نگرانی کے مشنزکو کامیابی سے انجام دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مشنز میں یاسر ، صادق ، پیلیکن ، ابابیل3، یزدان اور مہاجر 6 ڈرونز کا استعمال کیا گیا جو کہ ایران کی ڈرون صلاحیتوں کا ایک چھوٹا حصہ ہیں۔ آئی آر آئی بی کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنگی کھیل کا مرکزی ہیڈکوارٹرز صوبہ اصفہان میں واقع ہے۔

گزشتہ روز ایران کی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد موسوی نے کہا تھا کہ مشقوں کے دوران پوشیدہ ڈرونز سمیت 150 سے زائد ڈرونز کے تجربات کیے جائیں گے۔