راولاکوٹ: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔
خالد محمود خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی سے دو نوجوانوں کی شہادت پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے، جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں پوری قوت کے ساتھ حصہ لے گی کارکنان مہم کو تیز کریں، کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا ایجنڈا ہے ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں صنعتوں کے قیام کے نام پر زمین خریدنے کی سازش کررہا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سنگین خلاف ورزی ہے
ان کا کہنا تھاکہ نریندرمودی مقبوضہ کشمیر میں پے در پے اقدامات کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے حکومت پاکستان عالمی سطح پر مودی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خالد محمود خان کا کہنا تھااکہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کی جارہی ہے ماورائے عدالت کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے قابض فوج کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے ایسے میں بیس کیمپ اور اسلام آباد بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں مسئلہ کشمیرکی سنگینی کے پیش نظر او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلا کر کشمیرکی آزادی کا لائحہ عمل طے کیا جائے حکومت پاکستان خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے عالمی سطح پر جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق کشمیر پالیسی کا احیاءکیا جائے ۔