سیلاب متاثرین کی مدد میں کوتاہی یا غفلت کسی صورت قبول نہیں، شہباز شریف

491

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت قبول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو خیموں، اشیائے خورونوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ متاثرین کو فوری طور پر 25 ہزار روپے فی خاندان فلڈ ریلیف کیش پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔

پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی۔ اس دوران وفاقی وزرا احسن اقبال اورسردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے سلسلے کے نتیجے میں سیلاب سے نقصانات اور جاری ریسکیو و ریلف آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے، بلوچستان حکومت اور وزارتِ منصوبہ بندی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات ہر منتقل کیا جائے۔