چترال کو آفت زدہ قرار دیکر فوری پیکیج جاری کیا جائے، مولانا عبدالاکبر چترالی

277
a disaster

پشاور: جماعت اسلامی کے چترال سے رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ چترال کو آفت زدہ قرار دے کر فوری طور پر 5 ارب سے زائد کی رقوم ریلیز کی جائیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جا سکے اور ان کو دوبارہ بحال کرنے میں آسانی ہو۔

پیر کے روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا عبد الاکبر چترالی نے بتایا کہ اپر اور لوئر چترال حالیہ بارشوں کے دوران آنے والے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔کئی افراد جاں بحق  جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔

مولانا عبدالکبرجترالی کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ فصلیں، پل اور سڑکیں سیلاب میں بہہ گئی ہیں اور لوگ بے یارومددگار پڑے ہیں۔انہوں نے اپنے فنڈ سے 2کروڑ روپے جاری کئے ہیں جو ناکافی ہیں ۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے کو آفت زدہ قرار دے کر امدادی کارروائیوں شروع کرے اور پی ڈی ایم اے اور دیگر حکام متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی فوری طور پر بحال کرے کیونکہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے۔