بجلی کے اضافہ بلوں پر وزیراعظم نے سخت نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

317

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بجلی کے زائد بلوں سے متعلق عوام کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام سے بجلی کے بلوں پر فوری تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی شکایات کے ازالے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ خادمِ پاکستان عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے عوام کو جوابدہ ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے بلوں کی شکایات پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیرِ بجلی خرم دستگیر، معاونِ خصوصی احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔