مظفرآباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مودی ہندوتواایجنڈے سے دنیا کا امن خطرے میں ڈال رہاہے۔
شیخ عقیل الرحمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کو ووٹ کا حق دینا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادکی کھلی خلاف ورزی ہے۔نریندرمودی ہندو توا ایجنڈے کو آگے بڑھا کر پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے مودی کشمیر کو ہضم کرنے کے لیے پے در پے اقدامات کررہا ہے آبادی کے تناسب کو تبدیل کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے جامع پالیسی اور ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے، ہندو وزیر اعلیٰ لانے کے لیے قابض ہندوستانی فوج اور غیر ریاستی ہندوئوں کو ووٹ کا حق دے رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔