بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ اور خضدارمیں کرومائیٹ کے وسیع زخائر

423

اسلام آباد: بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ اور خضدارمیں کرومائیٹ کے وسیع زخائر،پاکستان نے 2021 میں 95 ملین ڈالر مالیت کا کرومائیٹ برآمد کیا،چین پاکستان سے کرومائیٹ کاسب سے بڑا درآمد کنندہ،کرومائیٹ کی عالمی منڈی میں سالانہ 2 ارب ڈالر کی مانگ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کرومائیٹ پروسیسنگ زونز کو ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔

ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس کرومائیٹ کے بہت بڑے ذخائر ہیںلیکن پرانی کان کنی اور پروسیسنگ تکنیک اس برآمدی معدنیات کے حجم اور قدر دونوں کو اپنی پوری صلاحیت تک بڑھانے کی صلاحیت کو محدود کرتی ہے۔ فیروکروم کی پیداوار میںجو سٹینلیس سٹیل کی تیاری میں بنیادی جزو ہے کرومائیٹ کا اہم کردار ہے۔ کرومائیٹ کی عالمی منڈی میں سالانہ 2 ارب ڈالر کی مانگ ہے۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ایک ریسرچ ایسوسی ایٹ سلیمان اکرم نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ پاکستان میں کرومائٹ کی برآمدات میں اضافہ کرنے کی قابل قدر صلاحیت ہے جس کے لیے کان کنی کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ کرومائٹ کی قیمتیں گریڈز کی دستیابی پر منحصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرومائیٹ کی قیمت 7ہزار سے 90ہزارروپے کے درمیان ہے۔

سلیمان اکرم نے بتایا کہ لسبیلہ اور بوستان بلوچستان میں اسپیشل اکنامک زونز فیرو کروم پروڈکشن پلانٹس کے قیام کے لیے موزوں ترین مقامات ہیں کیونکہ یہ کرومائٹ پیدا کرنے والے اضلاع قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ اور خضدار سی پیک کے قریب ہیں جہاں سے تیار مال آسانی سے سٹیل کی صنعت میں پہنچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹینلیس سٹیل کی تیاری میں استعمال ہونے والے اہم اجزا فیرو کروم کی پیداوار میں اضافے سے پاکستان کو تجارتی پیمانے پر سٹینلیس سٹیل برآمد کرنے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ اسٹیل کی عالمی منڈی میںزیادہ مانگ ہے۔

انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے 2021 میں 95 ملین ڈالر مالیت کا کرومائیٹ برآمد کیا جس میں چین 84 ملین، جاپان 6 ملین اور روس 1 ملین ڈالرشامل ہیں۔ 2021 میںپاکستان کرومائٹ کے سب سے بڑے پانچ برآمد کنندگان میں شامل تھاجبکہ باقی ممالک میںجنوبی افریقہ، ترکی، زمبابوے اور قازقستان شامل ہیں۔ چین، روس، انڈونیشیا، بھارت اور ترکی کرومائٹ کے سب سے بڑے پانچ درآمد کنندگان ہیں۔ جنوبی افریقہ نے 2021 میں 1.9 بلین ڈالر مالیت کا کرومائٹ برآمد کیا اور چین نے 2.3 بلین ڈالر مالیت کا کرومائٹ درآمد کیا۔

سلیمان اکرم نے کہا کہ چین پاکستان سے کرومائیٹ کاسب سے بڑا درآمد کنندہ ہے جو2021 میں کل برآمدات کا 88 فیصد بنتاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کرومائٹ مائننگ اور پروسیسنگ میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تو پاکستانی مصنوعات زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کر سکتی ہیں۔