پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، بلاول

354

لاہور: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے پاکستان میں دیگر ممالک کے ڈپلومیٹس کے اعزاز میں منعقدہ کئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھی خارجہ پالیسی پاکستان کو معاشی چیلنجز نے نکال سکتی ہے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ بہترین کوششیں کررہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، دفترِخارجہ کی پوری توجہ اس وقت ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی پلس جیسے نازک مسائل پر ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے دورہِ چائنہ ، امریکہ اور وسطی ایشیائی ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر جگہ سے پاکستان کے لئے مثبت تاثر ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے اکنامک ڈپلومیسی کا فروغ ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو سو سال مکمل کرنے اور غیرملکی ڈپلومیٹس کے لئے گڈوِل ڈنر کے انعقاد پر مبارکبار پیش کی اور کہا کہ وزارت خارجہ برآمدات کی بنیاد پر معاشی نشوونما کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔