سلمان رشدی مذہب کے نام پر فساد پھیلانے والوں کا آلہ کار ہے، پرویز الٰہی

248

لاہور: وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سلمان رشدی کی ناپاک جسارت نے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا۔وہ ان منفی قوتوں کا آلہ کار ہے جو مذہب کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش کر رہی ہیں۔

اپنے بیان میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا، وہ اس کی گستاخی کا نتیجہ ہے۔ ہر مسلمان کا دل نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سرشار ہے۔ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان رشدی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں جو شر انگیزی کی،وہ ہر مسلمان کے لیے ناقابل برداشت ہے، اس کے ساتھ جو ہوا،یہ اس کے گستاخانہ فعل کا نتیجہ ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اعلیٰ کردار اور اسوۃ حسنہ کے ذریعے دنیا کے لیے ایک مثال بنے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں کی جا سکتی۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں انبیائے کرام کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ہماری جان بھی قربان ہے۔