لاہور: پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ 25 مئی کے روز ہونے والے واقعات پر حکومت پنجاب نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مابین ہونے والی ملاقات میں بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
لاہور کے زمان پارک کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بنی گالہ پر چھاپا مارا گیا تو لیگی قیادت کے گھر بھی دور نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت یا اسلام آباد پولیس نے بنی گالہ پر چھاپہ مارا تو پھر جاتی امرا اور لیگی قیادت کے گھر بھی دور نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج پر لاٹھی چارج، فائرنگ اور دیگر واقعات پر کارروائی شروع کردی ہے، اس سلسلے میں رانا ثنا اللہ، عطا اللہ تارڑ اور رانا مشہود سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں گزشتہ شب پنجاب پولیس نے لیگی رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کے گھر پر چھاپا مارا تھا، جس کے بعد رانا مشہود کے گھر پر بھی پولیس گرفتاری کے لیے پہنچی تھی تاہم دونوں رہنما پولیس کے ہاتھ نہ آسکے۔