لاہور: مسلم لیگ ن میں مریم نواز کو نائب صدارت کے ساتھ ساتھ مزید اہم عہدہ دینے اور اختیارات میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج اور صوبائی حکومت ختم ہونے کے بعد مسلم لیگ ن ایک بار پھر متحرک ہونے جا رہی ہے۔اس سلسلے میں صوبے بھر میں سیاسی سرگرمیاں بھرپور انداز میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت کی تفصیلی مشاورت اور نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز کو مزید متحرک اور فعال کیا جائے گا اور اس کے لیے انہیں پارٹی کی نائب صدارت کے ساتھ مزید اہم عہدہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کو پنجاب میں مضبوط اور متحرک کرنے کے لیے مریم نواز کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز جاتی امرا کے بجائے ماڈل ٹاؤن سے پارٹی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گی۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مریم نواز کا اپنا الگ دفتر ہو گا جب کہ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کے زیادہ تر ونگز مریم نواز کو رپورٹ کریں گے۔