کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں قتل کیس کے ملزم کی ضمانت کی منظورکرلی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سرجانی ٹان میں قتل کیس میں ملزم کی ضمانت کی درخواست پرسماعت ہوئی۔
ملزم مبشر احمد کی دو لاکھ کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے عدالت نے تیاری نہ ہونے پرمحکمہ پراسیکیویشن پر اظہار برہمی کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بغیر فائل پڑھے عدالت آجاتے ہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ آپ یہاں کھڑے ہیں مگر کیس کا کچھ پتہ نہیں آپ کوکچھ تو بتائیں کیس کے حوالے سے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہوسکتا ہے عدالت ہی آپ کی کچھ معاونت کردیے۔ ملزم کی جانب سے وکیل نے دلائل دیے کہ ملزم پر جھوٹا کیس بنایا گیا۔ شریک ملزم کی ضمانت بھی ہوچکی۔ وکیل ملزم نے کہا کہ ملزم پر سرجانی ٹان میں راشن کی تقسیم کے دوران جھگڑے کا الزام تھا۔
دوران لڑائی جاوید نامی شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ دوسری جانب ملیر کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس سے متعلق مفرورملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ مفرورملزمان احمد شورو، سلیم سالار، دودو سالار، سومار سالار عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیرنے عبوری ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی۔