دیانت داری کا سبق دینے والا خود بڑا ڈاکو ثابت ہوگیا، نواز شریف

397

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو دیانت داری کا درس دینے اور دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والا خود بڑا ڈاکو ثابت ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی  ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس فیصلے سے تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا، چوری منی لانڈرنگ ثابت ہوگئی ہے۔ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ8 سالہ کی تفتیش کے بعد آیا ہے،جس سے سب کچھ ثابت ہوگیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کو معلوم تھا کہ چوری اور منی لانڈرنگ سامنے آنے والی ہے،اسی لیے الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مکمل ثبوت اور حقائق کے تحت فیصلہ سنایا ہے۔ہمارے خلاف تو واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بنی، جس نے جھوٹی رپورٹ دی۔ الیکشن کمیشن کا حالیہ فیصلہ مکمل حقائق پر مبنی ہے۔

لیگی قائد کا کہنا تھا کہ 4 سال میں پاکستان کو ڈبو دیا گیا،معیشت تباہ کر دی گئی،مہنگائی سے عوام پس رہے ہیں۔عمران خان فتنہ کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہوگا۔ سیاسی جماعتیں بھی اس معاملے میں کردار ادا کریں۔