وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

285

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ، نقصانات کا فضائی جائزہ لیا اور متاثرہ گاؤں میں فوری طور پر میڈیکل کیمپ کے قیام اور ادویات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نےبلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔بلوچستان کے چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے وزیراعظم کو شدید بارشوں اورسیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل بتائی۔وزیراعظم کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے بارے میں بھی بتایاگیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ شمبانی ضلع جھل مگسی میں سیلاب کے متاثرین سے ملنے کے لیے رُکے۔ وزیرِ اعظم نے متاثرہ گاؤں میں فوری طور پر میڈیکل کیمپ کے قیام اور ادویات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔وزیرِ اعظم نے مویشیوں کے لیے ویٹرنری ڈاکٹر کی فراہمی کی بھی ہدایات جاری کیں۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ گاؤں میں امدادی کاروائیوں کو تیز کرنے کے لیے فوری طور پر مزید دو کشتیوں اور راشن کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے فوری طور پر متاثرہ گاؤں اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کے لیے ٹیموں کو بھی روانہ کر دیا ہے۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف جیکب آباد پہنچے۔  وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔بعد ازاں وزیراعظم سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے جھل مگسی روانہ ہوگئے۔