بھارت کا مکروہ منصوبہ

834

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کا ایک اور مذموم منصوبہ سامنے آگیا، بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی کے ہر گھر پر بھارتی ترنگا لہرانے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ قابض انتظامیہ کو اگست کے وسط میں وادی کے ہر گھر پر بھارتی جھنڈا لہرانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وادی کے لوگوں، دکان داروں اور طلبہ کو بھارتی پرچم خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، وادی کے دکانداروں کو بھارتی پرچم خریدنے کے لیے 20 روپے جمع کرنے کے لاؤڈ اسپیکرز پر اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گاڑی پر لگے لاؤڈ اسپیکرز سے ہونے والے اعلانات کی ویڈیو شیئر کردی۔ بھارتی حکومت ہر گھر ترنگا مہم کے لیے لوگوں کو بھارتی پرچم خریدنے پرمجبور کر رہی ہے۔ بھارتی حکومت کی مہم سے لگتا ہے کشمیر دشمن کا علاقہ ہے جس پر قبضہ کرنے کی ضرورت ہے، حب الوطنی فطری طور پر آتی ہے، حب الوطنی کو مسلط نہیں کیا جا سکتا، یہ کام ہوگا یا نہیں ہوگا، ہو بھی سکے گا یا نہیں، بہر حال ایک جواب بھارت کو ملا ہے جو ہمارے سفارت کار نے دیا ہے پاکستانی سفارت کار محمد راشد نے اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کی تقریر پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے‘ سلامتی کونسل میں بھارت کا گھنائونا کردار بے نقاب کر دیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں ’’بچے اور مسلح تنازعات‘‘ کے موضوع پر سالانہ بحث کے دوران بتایا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بچوں اور نوجوانوں کو روزانہ گرفتار کیا جاتا ہے اور انہیں تشدد اور ناروا سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاکہ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے گروپوں سے تعلق کا جبراً اعتراف کراسکیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ہٹ دھرمی اور سفاکی کی داستانیں تو گزشتہ 75 سال سے پوری دنیا کے سامنے عیاں ہیں اور آج بھی وہ اپنے زیر تسلط جموں و کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر انہیں یا تو اپاہج بنا دیتا ہے یا شہید کرکے اجتماعی قبروں میں دفن کر دیتا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت کی اس سفاکی کا عالمی سطح پر کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا نہ اقوام متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے ٹس سے مس ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی اکثر دہشت گردی کی وارداتوں میں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں جن کا بھارت ہی سہولت کار ہے جو فنڈنگ اور اسلحہ فراہم کرکے ان کی سرپرستی کر رہا ہے۔
گزشتہ روز پاکستانی سفارت کار محمد راشد نے سلامتی کونسل میں بھارت کا گھنائونا کردار بے نقاب کرتے ہوئے عالمی اداروں کو باور کرایا کہ بھارت ہی پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے جس کے ٹھوس ثبوت بارہا عالمی اداروں اور قیادتوں کو ڈوزیئر کی صورت میں فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اب یہ عالمی قیادتوں کی ذمے داری ہے کہ وہ عالمی اور علاقائی امن کے لیے بھارت کے جنونی ہاتھوں کو روکیں اور بالخصوص کشمیری عوام کو منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر بھارت کے خونیں پنجے سے آزادی دلائیں۔