راولپنڈی میں بارش نے تباہی مچا دی، تجارتی مراکز ڈوب گئے ،فوج طلب

733

راولپنڈی: راولپنڈی میں شدید بارشوں کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے،،متعدد تجارتی مراکز ڈوب گئے، نالہ لائی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی،الرٹ جاری،فوج طلب،جامع مسجد روڈ، سٹی صدر روڈ اور موچی بازارسمیت دیگر تالاب کا منظر پیش کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میںوقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے ہر طرف تباہی مچا دی، مسلسل اورموسلادھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، برساتی پانی گھروں میں داخل ہو گیا، ڈھوک سیدان، ڈھوک کالاخان، جان کالونی سمیت متعدد علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔کالج روڈ سمیت راولپنڈی کے تجارتی مراکز پانی میں ڈوب گئے۔ راجہ بازار، موتی بازار، موچی بازار میں سینکڑوں دکانوں میں پانی داخل ہو گیا،بازاروں کے سیلابی پانی میں متعدد تاجر پھنس گئے۔تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گیا۔

جامع مسجد روڈ،سٹی صدر روڈ اور موچی بازار میں کئی کاریں پانی میں ڈوب گئیں۔ بارشوں کے سبب نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، انتظامیہ نے آبادیوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے امداد کے لیے فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ طلب کرلی۔ راولپنڈی نالہ لئی میں طغیانی کے سبب خطرے کے سائرن بجا دئیے گے،نالے کے کناروں پر بسنے والوں کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا،کٹاریاں میں پری الرٹ اور گوالمنڈی میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، کٹاریاں میں پانی کی سطح 15.5 فٹ اور گوال منڈی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی۔

گوالمنڈی میں نالہ لئی کے کنارے گھر خالی کرانے کی سطح 20 فٹ ہے، نالہ بھرنے کی سطح چند فٹ کے فاصلے پر رہ گئی جس کے سبب خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا۔ بارش کے سبب کینٹ کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، لوگ گھروں میں قیمتی اشیا محفوظ کرنے میں لگے رہے، چکلالہ کینٹ کے نشیبی علاقے ڈھوک جمعہ میں بھی پانی داخل ہوا۔ سامان بھیگنے کے سبب تاجروں کو مجموعی طور پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔