اسلام آ باد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سندھ کے کرپٹ مافیا سے مستقل نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی زیر صدارت اہم ترین اجلاس ہوا جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کی طرح سندھ میں بھی دھاندلی کی حکومتی کوششوں کو بھرپور طریقے سے ناکام بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پنجاب کے بعد سندھ میں بھی کرپٹ اور جرائم پیشہ گروہوں سے مقابلہ ہے، ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی عمران خان کا بیانیہ عوام میں مقبول ترین ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آزادانہ و منصفانہ انتخاب کے دستوری تقاضے کی دھجیاں اڑائی گئیں، الیکشن کمیشن کا کردار پہلے بھی مایوس کن رہا، اب بھی زیادہ توقعات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان ہر پہلو سے بھرپور تیاری یقینی بنائیں، بلدیاتی انتخابات سندھ کے کرپٹ مافیا سے مستقل نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بھرپور تیاری سے میدان میں اتر رہے ہیں، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کی خواہاں ہر قوت کے عزائم کھوٹے کریں گے، کراچی و حیدرآباد کے بلدیاتی انتخاب میں فیصلہ کن عددی برتری حاصل کریں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ انتخاب جیت کر تعمیر و ترقی کے اس سلسلے کا آغاز کیا جائے گا جس سے سندھ دہائیوں سے محروم ہے۔