پنجاب ضمنی الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ، شیخ رشید

215

سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قوم نے غیر ملکی سازش کو بے نقاب کیا ہے، پنجاب ضمنی الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہم پر ایک جیسے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے، انہوں نے الزام لگایا کہ وزیرداخلہ رانا ثنااللہ منشیات کیس میں ملوث ہیں، راناثنااللہ نے میری تینوں بہنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔پی ٹی آئی بہتر فیصلہ کرتی تو لاہور سے چوتھی نشست بھی جیت جاتی، گزشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی، آج عمران خان پاکستان نہیں عالم اسلام کی آواز ہے ، حکومت نے نیب قانون میں بڑی اہم ترمیم کی ہے۔سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ خوشی ہے کہ عوامی جذبات کو سمجھ لیا گیا ہے، اب کوئی حل نہیں ہے، شہبازشریف اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا اعلان کریں، عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے، پیپلزپارٹی نے بھی اجلاس طلب کررکھا ہے۔آئی ایم ایف سے قسط ملنی ہے نہ ہی کسی ملک نے ان کو پیسے دینے ہیں، لکشمی چوک پر مسلم لیگ ن کا جنازہ نکلا، آصف زرداری خود کو صدر اور بیٹے کو وزیراعظم بنوانا چاہتے ہیں، پہلے ہی کہا تھا کہ 15 جولائی سے 30 اگست تک ملک کے اہم فیصلے ہوجائیں گے۔عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے، نیب ترمیم کے خلاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے۔شہباز شریف روات ، بہارہ کہو اور سی ڈی اے تک کے وزیر اعظم رہ گئے ہیں، جبکہ عمران خان قوم کے ہیرو کے طور پر سامنے آئے ہیں، رات سے ان کو چپ لگ گئی ہے اب کہاں ہے ؟ ہم معاف کرنا جانتے ہیں ،عام انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔