فرح خان نے اپنی طلبی پر نیب کو قانونی نوٹس بھیج دیا

396
NAB summoned

لاہور:سابق خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان نے قومی احتساب بیورو (نیب)میں اپنی طلبی کے نوٹسز روکنے کے لیے وکیل کے توسط سے نیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

فرح خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نیب کو نوٹس بھجوایا، جس میں فرح خان کے خلاف کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیب کو پرائیویٹ شخص کے خلاف انکوائری کا اختیار نہیں، کرپشن کا کوئی ثبوت نیب کی جانب سے پیش نہیں کیا گیا۔بھیجے گئے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قائم مقام چیئرمین اس قسم کی کارروائی کا اختیار نہیں رکھتے، حالیہ ترامیم کے بعد یہ معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لہذا نیب نوٹسز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر طلبی کا نوٹس واپس نہ لیا گیا تو اعلی عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو لاہور نے گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نوٹس جاری کئے تھے اور انہیں 20جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی.