کراچی: شہر قائد میں عید پر ہونے والی شدید بارشوں کے بعد محکمہ موسمیات نے آج (جمعرات کی) شام سے کراچی سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والا ہوا کا کم دباؤ سندھ میں آج جمعرات کط داخل ہوگا۔ یہ سسٹم کراچی سمیت دیہی سندھ کے اضلاع میں بارشوں کی شکل میں برقراررہے گا۔ سسٹم کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر،ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، سانگھڑ، نوابشاہ، نوشہرو فیروز، میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔
مون سون کے نئے سلسلے کے تحت خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، دادو، جامشورو، شکارپور،گھوٹکی اور کشمور کے اضلاع میں بھی 14 سے 18 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص،عمرکوٹ، دادو، جامشورو، نوابشاہ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع میں اس عرصے کے دوران نچلے درجے کا سیلاب بھی آسکتا ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کی طرح نیا سسٹم اربن فلڈنگاور مسلسل بھاری اسپیل کیرتھر رینج کے ساتھ اور نیچے کی طرف سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔ تیزبارش کے باعث کیرتھررینج کے پہاڑی علاقوں اورملحقہ آبادیوں کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ محکموں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ پہلے سے ضروری اقدامات کریں جبکہ ماہی گیروں کو کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ 15 جولائی سے 17 جولائی تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔