وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کی تمام سخت شرائط مان لیں ہیں،ابھی اس کی شرائط پوری نہیں ہوئیں،زیرو سبسڈی پر ملک چلایا جائے تو غریب تو مر جا ئے گا۔ ہم نے پٹرول کی قیمت کو بڑھایا اور کئی مشکل اقدام اٹھائے لیکن آئی ایم ایف پھر بھی نہیں مان رہاتھا۔
رنا ثناء اللہ کا کہنا تھا آئی ایم ایف فوری معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچائے،ہم نے مشکل فیصلوں سے اپنی پارٹی کیلئے مسائل کھڑے کر لئے لیکن سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے،آئی ایم ایف کی شرائط کو تسلیم نہ کرتے تو ملک ڈیفالفٹ کر جاتا،آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا کر اور ہماری ناک سے لکیریں نکلواکر بھی خوش نہیں ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےمیڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سالوں میں ملک پر نااہل ٹولہ مسلط رہا جس نے ملکی معاشی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے بجائے اپنی تمام توجہ صرف اور صرف مخالفین کو کچلنے اور ان کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر مرکوز رکھی، اس طرح عمران خان نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیاتاہم پاکستان اس وقت معاشی حوالے سے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے اسلئے پاکستان کو اگر کمزور کردیا گیا تو اس کے اثرات بہت برے ہوں گے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسا ملک زیرو سبسڈی کا معاہدہ کس طرح کرسکتا ہے کیونکہ عوامی حالت کو بھی مدنظر رکھنا ہوتا ہے اسی لئے ہم الیکشن کی جانب نہیں گئے تاکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچاسکیں۔