ایما لیمب کی پہلی بین الاقوامی سنچری کی بدولت انگلینڈکی ویمنز کرکٹ ٹیم نے نارتھمپٹن میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔لیمب نے اپنے تیسرے ون ڈے میں صرف 91 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔
انہوں نے 31 گیندوں پر 55 رنز بنانے والے نیٹ سکیور کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 89 رنز جوڑے۔انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مہمان ٹیم کو 48 اوورز میں 218 رنز پر پویلین بھیج دیا اور جیت کیلئے 219 رنز کے تعاقب میں انتہائی پراعتماد انداز سے بیٹنگ کی اور جنوبی افریقہ کی بائولرز کو کوئی ایسا موقع فراہم نہیں کیا
جس سے وہ دبائو ڈال سکیں۔جنوبی افریقہ کی اوپنر لورا وولوارڈٹ نے 43 رنز بنائے اس سے پہلے کہ چلو ٹریون نے 73 گیندوں پر تین چھکوں سمیت شاندار 88 رنز کی اننگز کھیلی اور ایسا لگ رہا تھا
جیسے وہ اپنی ٹیم کو ایک معقول ٹوٹل تک لے جائیں گی۔لیکن جیسے ہی ان کی وکٹ گری اس کے بعد جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کی پانچ وکٹیں صرف تیرہ رنز کے اضافے سے سولہ گیندوں کے اندر گر گئیں۔کیتھرین برنٹ جو اس سیزن میں پہلی مرتبہ کھیل رہی تھیں نے اٹھارہ رنز دیکر تین وکٹیں لیں جبکہ نیٹ سکیور نے 59 رنز دیکر چار شکار کئے، یہ ان کی ون ڈے میچوں میں اب تک کی سب سے بہترین بائولنگ کارکردگی بھی ہے۔