اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ اشتراک عمل کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ عوام کے تحفظ اور نقصانات سے حتی الامکان بچاؤ کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
وزیراعظم نےہدایت کی کہ متاثرہ عوام کو عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ ہنگامی طبی امداد اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے میڈیکل ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔ بارشی وسیلابی پانی کے نکاس کے لیے مطلوبہ مشینری اور عملہ متعلقہ مقامات پر پہنچایا جائے، سپرے کروایا جائے تاکہ وباؤں کو روکا جاسکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرین سے ہمدردی کرتے ہیں۔