مناسک حج آخری مراحل میں: حجاج طواف زیارت اور رمی میں مصروف

462

مکہ مکرمہ: رواں برس حج بیت اللہ کے مناسک اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں حجاج کرام طواف زیارت میں مصروف ہیں جب کہ گیارہ اور بارہ ذوالحج کو بھی رمی جمرات کا عمل کیا جائے گا۔

قبل ازیں حجاج کرام نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مزدلفہ میں گزاری جہاں عبادت کرنے کے ساتھ انہوں نے رمی جمرات کے لیے کنکریاں چنیں اور بعد ازاں فجر ادا کرکے منیٰ واپس پہنچے اور زوال سے پہلے  پہلے ایک جمرے پر کنکریاں ماریں۔رمی کے بعد حجاج کرام نے قربانی کی تصدیق ہونے کے بعد اپنے بال منڈوا لیے اور اس کے بعد احرام کھول دیے گئے۔

ترتیب کے مطابق ابھی گیارہ اور بارہ ذوالحج کو دیگر دو جمرات یعنی جمرہ اولیٰ اور جمرہ وسطیٰ سمیت تینوںجمروں پر کنکریاں ماری جائیں گی۔ احرام کی پابندیوں سے نکلنے کے بعد حجاج کرام کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں طواف زیارت کے لیے پہنچنا شروع ہو چکی ہے۔ اس سلسلے میں حجاج جہاں بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف زیارت کررہے ہیں، وہیں بہت بڑی تعداد منیٰ سے پیدل ہی مسجد الحرام کی جانب گامزن ہے۔

قبل ازیں حجاج نے 9 ذوالحج کا دن میدان عرفات میں گزارا، جہاں انہوں نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔