معیشت آئندہ 6 سے 8 ماہ کے دوران سنبھل جائے گی، احسن اقبال

335
The economy

جہلم : وفاقی وزیر منصوبہ بند احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے ملک کی معیشت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا، عمرانی دور کے باعث پاکستان اس وقت بدترین معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، عمران نیازی کی ساری سیاست جھوٹ، منافقت اور بہتان پر مبنی ہے اُمید ہے کہ ملکی معیشت آئندہ 6 سے 8 ماہ کے دوران سنبھل جائے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے ملک کے ترقیاتی بجٹ کو نصف کیا، ہم عوامی مفاد سے متعلق منصوبوں کی فنڈنگ کو دوبارہ جاری کریں گے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کریں گے کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ ہونا چاہیے تھا، سابقہ حکومت نے ملک کے ترقیاتی بجٹ کو نصف کیا، سابقہ دور حکومت میں ذاتی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں پر اربوں روپے لگائے گئے۔

وفاقی وزیر منصوبہ  کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو ملکی معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں، ہمارے حکومت میں آنے سے قبل ہی ملک کا خزانہ خالی ہو چکا تھا، ان تمام مسائل کے باوجود ہم ملک قوم کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہم آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کے عوام سے ووٹ لینگے۔