اسلام آباد: میٹرو بس منصوبے کا افتتاح، سروس ایک ماہ کیلیے مفت

333

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گرین اوربلیو لائن بس سروس منصوبے کاافتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گرین اوربلیو لائن بس سروس منصوبے سے جڑواں شہروں کے عوام مستفید ہوں گے، منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  تیل اور گیس کی قیمتوں نے عوام کوپریشان کر رکھا ہے، مہنگائی کا سلسلہ گزشتہ 4 سال سے جاری ہے، جلد اس سے نجات مل جائے گی، اللہ کا شکر ہے تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی، سستی شمسی توانائی کاجال پورے ملک میں بچھائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اس منصوبے سے فیض یاب ہوں گے، ماضی کی تاخیر کے ازالے کے لیے سب مل کر کام کریں، تمام ادارے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے محنت کریں۔

انہوں نے کہا کہ 75برسوں میں سیاسی جماعتوں اورآمروں نے ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا، محنت سے ترقی کی منازل طے کریں گے، عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کی ترجیح ہیں، سالانہ 20ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں۔