عمران خان نے ہر شعبے میں ڈاکے ڈالے، مریم اورنگزیب

204

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے چار سالہ دور میں کی گئی کرپشن پر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، فرح گوگی اور بشری بی بی کے ذریعے کی گئی کرپشن کی قانون کے مطابق تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ  ٹیکس دہندگان کا پیسہ لوٹا گیا اس لیے سابق وزیراعظم کو جواب دینا پڑے گا، سابق وزیراعظم نے اپنے دور میں عوام سے جھوٹے وعدے کئے اور 4 سال تک ملک کے ہر شعبے میں ڈاکے ڈالے،کرپشن کی، آج کی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا ذمہ داربھی عمران خان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں جھوٹے مقدمات اور الزامات کے ذریعے اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا لیکن عدالتوں میں کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ قیمتوں میں اضافے، بجلی کی بندش اور گیس کی قلت کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے، حکومت چار ہزار میگاواٹ کے پاور پراجیکٹس کی تکمیل کو ترجیح دے رہی ہے جو کہ پچھلی حکومت کی طرف سے تاخیر کا شکار تھے۔