عمران خان کے گھر کا فون ٹیپ کیا گیا، شیریں مزاری

346

اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان کے گھر کا فون ٹیپ کیا گیاہے،فون ٹیپ کرنا آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ فون ٹیپنگ غیر قانونی ہے، عدالت نے اس کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ فون ٹیپ کرنا آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ 1997کی ججمنٹ پڑھیں، جب حکومت گرائی گئی، فون ٹیپنگ ہوئی۔ عمران خان اور پرنسپل سیکریٹری کی فون کالز باہر آتی ہیں تو یہ غیر قانونی ہے۔ عمران خان کے خلاف کرپشن پر کچھ نہیں مل رہا توفیملی کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ فون ٹیپنگ کیوں ہو رہی ہے؟ عمران خان کے گھر کا فون ٹیپ کیا گیا، سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔ انصار عباسی نے اپنے وی لاگ میں بتایا کہ ایک اور آڈیو آئے گی۔ اگر وہ آڈیو پبلک ہوگئی تو قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سازش ہر طرح سے ہو رہی ہے۔ یہ نہ سمجھے ہم اس پر چپ رہیں گے۔ یہ سب کچھ سازش چھپانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ یہ وہ لوگ کر رہے ہیں جو حکومت کو لے کر آئے۔

شیریں مزاری نے کہا ہے کہ یہ تباہی کی طرف جارہے ہیں، آئی ایم ایف میں پھنس گئے ہیں۔ آئی ایم ایف نے کہا کرپشن کے حوالے سے قانون ٹھیک کریں۔ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ کرپشن پر احتساب کرو۔ آپ مزید سیاسی بحران کیوں بڑھا رہے ہیں؟ الیکشن کی تاریخ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دلچسپ بات ہے، آئی ایس آئی نے کہا ہم نے 7 ہزار فونز ٹیپ کیے، عمران خان اور پرنسپل سیکریٹری کی فون کالز باہر آتی ہیں تو یہ غیر قانونی ہے، پورے پاکستان میں جلسے ہوئے یہ اس سے یہ گھبرا گئے ہیں،ہم لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور آئی ایم ایف میں پھنس گئے ہیں، سیاسی بحران کیوں بڑھا رہے ہیں، الیکشن کی ڈیٹ دیں، مریم نواز روزانہ مداخلت کی بات کرتی ہیں۔