نیو یارک: اقوام متحدہ نے امریکا سے ایٹمی معاہدے میں واپسی اور ایران کے خلاف پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے نائب سیکریٹری جنرل نے قرارداد بائیس اکتیس اور ایٹمی معاہدے کے بارے میں یو این سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں امریکہ سے جوہری معاہدے کی طرف واپسی اور ایران کے خلاف پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے نفاذ سے متعلق سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی تیرہویں رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس بلایا تھا۔ اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل روزمیری ڈی کارلو نے قرارداد بائیس اکتیس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نفاذ کے بارے میں تیرہویں رپورٹ پڑھ کر سنائی اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے خلاف تمام پابندیاں اٹھائے اور نجی شعبے کے ساتھ تجارت کرے۔
دوسری جانب سیکورٹی کونسل میں چین کے نمائندے نے بھی تہران کے خلاف امریکا کی یکطرفہ پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چین کے نمائندے ڑانگ جون نے سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ہم قطر میں امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔