عمران خان نے دوبارہ انتخاب تک حمزہ شہباز کو وزیراعلی تسلیم کرلیا

272
United Opposition

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کی سماعت پر عمران خان نے دوبارہ انتخاب تک حمزہ شہباز کو وزیراعلی تسلیم کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت کی، جس میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس جمال خان مندوخیل بینچ کا حصہ تھے۔

سماعت میں جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج نہیں ہو سکتا، اللہ کا شکر ہے کہ دونو ں مخالفین کو ایک نقطہ پر متفق دیکھ کر خوشی ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22جولائی کو ہوگا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ کل تک تحریری حکم نامہ جاری ہوجائے گا،  بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف اپنے فرائض جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو دو آپشنز دیے تھے۔ عدالت نے کہا تھا کہ یا دو دن میں دوبارہ انتخاب پر مان جائیں یا پھر حمزہ شہباز 17 جولائی تک وزیراعلیٰ تسلیم کرلیں۔

جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے باہر گاڑی میں بیٹھ کر اپنی قیادت سے مشاور ت کی ، جس کے بعد 22جولائی کو دوبارہ انتخاب کرانے پر راضی ہوگئے۔

 سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور اسپیکر  پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو عدالت طلب کیا تھا، جس کے بعدآدھے گھنٹے کا وقفہ ہوا تھا۔