پی ٹی آئی کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مل گئی

616

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی کو وفاقی دارالحکومت کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کو جلسے کے لیے اجازت نامہ (این او سی) جاری کردیا گیا ہے، جس کے ساتھ ایس ایس پی کی رپورٹ بھی موجود ہے، جس میں سابق وزیراعظم کو لاحق خطرات سے متعلق بتایا گیا ہے-

ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر جلسے کے دن اور مقام کا تعین کیا گیا ہے- یہی وجہ ہے کہ جلسے کی اجازت صرف پریڈ گراؤنڈ ہی کے مقام کے لیے مشروط ہے۔

اجازت نامے کے مطابق عدالت عالیہ اسلام آباد کے حکم کے تحت سیاسی جماعتیں امن و امان کے حوالے سے تعاون کرنے کی پابند ہیں- جلسے کی اجازت آئین کے آرٹیکل 15 اور 16 میں دی گئی ضمانت کے مطابق دی گئی ہے جب کہ تحریک انصاف کے نمائندے علی نواز اعوان نے قواعد و ضوابط کی پابندی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے- بتایا گیا ہے کہ  جلسے کے سلسلے میں ایکسپریس وے اور مری روڈ کو ٹریفک کے لیے رواں رکھا جائے گا اور جلسہ رات 12 بجے تک ختم کرنا ہوگاعلاوہ ازیں یہ کہ جلسہ گاہ میں مسلح افراد کے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی-

این او سی کے مطابق ریڈ زون کے ایک کلومیٹر کی حدود میں دفعہ 144 نافذ ہے اور پریڈ گراؤنڈ جلسے کے آرگنائزر تمام قواعد و ضوابط کی پاسداری کرنے کے پابند ہوں گے۔ جلسے میں ڈیک اور اسپیکر کا استعمال قانون کے مطابق ہی ہوسکے گا اور جلسہ آرگنائزر ٹریفک پلان کی پابندی کے لیے تعاون کرنے کے پابند ہوں گے۔ فول پروف سیکورٹی جلسہ کے آرگنائزر اور اسلام آباد پولیس کی مشترکہ ذمے داری ہوگی اور جلسہ گاہ میں داخل ہونے والوں کی باقاعدہ سیکورٹی چیکنگ ہوگی۔جلسہ گاہ کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے ہوں گے ۔